صفائی آپریشن کنٹریکٹرز کی ہڑتال کے باعث متاثرہوا
لاہور(جنرل رپورٹر)سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کی ہدایت پر شہر میں صفائی آپریشن جاری۔ کنٹریکٹرز کی جانب سے جاری ہڑ تال کے باعث شہر میں صفائی آپریشن متاثر ہواتھا مگر ادارے کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر کنٹریکٹرز کے تمام مسائل کو حل کیا گیا اور ترک کنٹریکٹرز کو ادائیگیاں کر دی گئیں۔ہڑتال کے دوران بھی ایل ڈبلیو ایم سی اپنی محدود مشینری کی مدد سے شہر میں صفائی آپریشن کو جاری رکھے ہوئے تھی اور شہر کے بیشتر پوائنٹس کو کلئیر کیا گیا۔ ادائیگیوں کے بعد کنٹریکٹرز کی جانب سے ہڑتال ختم کر دی گئی اور ایل ڈبلیو ایم سی اور کنٹریکٹرز کی تمام تر مشینری کو فیلڈ میں یقینی بنایا گیا۔ اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ ادارہ شہریوں کو صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور شہریوں کو صفائی کے حوالے سے در پیش مسائل و شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں تمام بیک لاگ کلئیر کر لیا جائے گا۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ شہر میں صفائی قائم رکھنے میں ایل ڈبلیو ایم سی کا ساتھ دیں۔ ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ اہلیان لاہور کو صاف ستھرا اور تعفن سے پاک ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ادارے کی جانب سے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ شہری شکایات کی صورت میں ادارے کی ہیلپ لائن 1139 اور کلین لاہور ایپ کا استعمال کر سکتے ہیں۔