افغانستان، خونریز جھڑپ، بم دھماکہ، ٹارگٹ کلنگ، درجنوں طالبات سمیت 60افراد ہلاک، متعدد زخمی
کابل، قندھار (نیوزایجنسیاں) افغان دارالحکومت کابل میں بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بم شمالی کابل میں ایک بکتر بند گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا، جس کے پھٹنے سے دو افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ مشرقی کابل میں ریاستی دفتر استغاثہ کے ایک وکیل کو بھی گولی مار دی گئی۔ دوسری جانب افغان صوبے قندھار کے دارالحکومت کے نواح میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی خونریز لڑائی میں پچاس سے زائد طالبان عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ طالبان نے کل رات کئی فوجی چیک پوسٹوں پر مربوط حملہ کر دیا تھا۔ملکی دارالحکومت کابل سے اتوار تیرہ دسمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق درجنوں طالبان حملہ آوروں نے قندھار شہر کے ارد گرد پانچ اضلاع میں سرکاری دستوں کی کئی چیک پوسٹوں پر بیک وقت ایک بڑا اور مربوط حملہ کیا۔ یہ حملہ اتنا منظم تھا کہ اس کے جواب میں افغان فوج کو زمینی دستوں کے ذریعے شیلنگ کے علاوہ فضا سے گولہ باری بھی کرنا پڑی۔کابل میں ملکی وزارت دفاع نے یہ بات اتوار کے روز اپنے بیان میں کہی تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کیے گئے اس حملے میں سرکاری دستوں کو کتنا جانی نقصان ہوا۔ بیان کے مطابق، ''افغان سکیورٹی فورسز نے یہ حملہ ناکام بنا دیا اور اس دوران 51 دہشت گرد ہلاک جبکہ نو زخمی ہو گئے۔“قندھار میں صوبائی حکومت کے ایک مقامی اہلکار نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس لڑائی کے دوران افغان فورسز نے طالبان حملہ آوروں کو پسپا کرنے کیلئے جو فضائی حملے کیے، ان میں سے ایک کے نتیجے میں قندہار شہر کے ایک نواحی ضلع میں ایک ہی خاندان کے رکن سات عام شہری بھی مارے گئے۔
افغانستان