پاکستان میں بھی آج شہاب ثاقب کا نظارہ کیا جاسکے گا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آج رات دنیا کے دیگر ممالک کے طرح پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی شہاب ثاقب کا نظارہ کیا جاسکے گا۔ماہرین فلکیات کے مطابق آج رات شہاب ثاقب کے ٹکڑے زمین کے کافی قریب سے گزریں گے اور زمین کے ہر حصے میں جہاں مطلع صاف ہوگا، ان کا نظارہ انسانی ا?نکھ سے کیا جاسکے گا اور چاند کی غیر موجودگی سے یہ نظارہ زیادہ صاف نظر آئے گا۔ماہرین فلکیات کاکہنا ہے شہابیوں کے گرنے کا سلسلہ رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک جاری رہے گا اور سندھ کے علاقوں گھارو اور میر پور ساکرو سمیت جہاں روشنی کم ہو نظارہ کیا جاسکے گا۔واضح رہے کہ شہاب ثاقب سیارچوں کے ٹوٹے ہوئے ذرات ہوتے ہیں جو زمین کے ماحول میں آتے ہوئے آکسیجن اور کشش کے باعث جلتے نظر آتے ہیں۔امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مطابق ہر روز زمین پر 100 سے 300 ٹن کے درمیان خلائی مٹی اور پتھروں کی بارش ہوتی ہے مگر ان کا حجم کسی ریت کے ذرے سے زیادہ بڑا نہیں ہوتا۔ اور ہرسال دسمبر کے مہینے کے وسط میں جب زمین اپنے مدار کے چکر کے دوران ایک سیارچے 3200 فائیتھون کے چھوڑے گئے ملبے سے گزرتی ہے تو یہ قدرتی عمل وقوع پذیر ہوتا ہے اور اسے شہابیوں کی بارش بھی کہتے ہیں۔دیگر مہینوں میں اس کے علاوہ بھی شہابیوں کی بارش ہوتی ہے لیکن دسمبر میں زیادہ تعداد میں اور زیادہ روشن شہابیے نظر آتے ہیں۔
شہاب ثاقب