13دسمبر گزر گیا، جلسہ بھی ہو گیا، آر ہوا نہ پار، بس پی ڈی ایم ہوئی خوار: پنجاب حکومت
لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی،نیوز ایجنسیاں) پی ڈی ایم نے جلسے کا خوب شور مچایا، مریم نے جلسے کی کامیابی کے لئے لاہور کی گلیوں میں دھکے کھائے لیکن اس کے باوجود لاہوریوں نے غیرآئینی اور غیرقانونی اجتماع اور پی ڈی ایم کے بیانیے کو مسترد کردیا،حکومت نے بہترین حکمت عملی سے تصادم، فساد اور انتشارسے جڑے ایجنڈے کو ناکام بنایا جس پر سکیورٹی ادارے او رضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت او ر معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فرود س عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ بشارت نے کہاکہ مریم فرما رہیں تھیں کہ 13دسمبر کو آر ہوگا یا پار عوام نے دیکھا نہ آر ہوا نہ پاربس پی ڈی ایم ہوئی خوار،ن لیگ نے مینار پاکستان کے میدان کا چوتھائی حصہ منتخب کرکے آغاز میں ہی اپنی شکست تسلیم کرلی۔اس جلسے کے بعد اگر لاہور میں کرونا کیسز بڑھے تو اس کی ذمہ دار پی ڈی ایم اور جلسہ منتظمین ہوں گے۔جلسے میں شریک افراد سے درخواست ہے کہ اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیں۔ مریم ضمانت پر ہیں، باپ اشتہاری، کزن اور چچا جیل میں اور بھائی مفرور اور وہ حکومت کو کھلے عام چیلنج کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ویژنری لیڈر ہے اور یہ دو نابالغ سیاسی بچے کپتان پر تنقید کررہے ہیں۔جلسے میں ان لوگوں نے اپنے خاندان کا رونا رونے کے علاوہ کوئی بات نہیں کی۔لانگ مارچ کا شور مچانے والوں نے نہ تاریخ دی اور نہ اپنے کارکنوں کو آئندہ کا لائحہ عمل دیا۔یہ ایک غیرقانونی اور غیر آئینی جلسہ تھا جس کے منتظمین کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اپنی ذات کے درد میں مبتلا اور اقتدار سے محرومی کا درد لئے راجکماری آہ و بکا سے جڑا بیانیہ گلی گلی میں نوحے کی صورت میں پڑھتی رہیں اس کے باوجود لاہور کے باشعور اور غیور عوام نے پی ڈی ایم کے صف ماتم پر کی جانے والی تقریروں کو ان سنی کردیا۔ محمود خان اچکزئی نے اہلیان لاہورکے پاکستان کے ساتھ لازوال رشتے کو پامال کرنے کے لئے بیہودہ گفتگو کی۔تحریک انصاف مینار پاکستان کے سائے تلے اس قسم کی پاکستان دشمن بیانیے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور پی ڈی ایم قائدین کی محمود خان اچکزئی کے بیان پر خاموشی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ گٹھ جوڑ پاکستان کے مخالفین کو ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے ہے کیونکہ اس وقت دنیا میں انڈیا انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور کشمیر میں مظالم کے باعث رسوا ہورہا ہے اور یہ لوگ پاکستان میں جلسے جلوس اور مظاہرے کرکے دنیا کی توجہ بھارت سے ہٹانا چاہتے ہیں۔قوم پاکستان کے غداروں کو معاف نہیں کرے گی۔مینار پاکستان قومی یکجہتی کی علامت ہے وہاں لاہوریوں کو طعنے دیئے گئے اور تاریخ کو مسخ کیاگیا۔یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ پاکستان کے ادارو ں کو گالیاں دیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی رہے۔ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔انہو ں نے کہاکہ لاہوریوں نے جلسہ مسترد کرکے ان کو آئینہ دکھادیا۔قبل ازیں ڈاکٹر فردو س عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان پر سیاسی سرکس سجا یا گیا، اپوزیشن کاراویتی ہتھیارہے کہ اتناجھوٹ بولوکہ سچ لگنے لگے، فضل الرحمان کی ملیشیا حکومت کو گھرنہیں بھیج سکتی۔ گزشتہ روزیہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق عوان نے کہا کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے، حکومت نے اپوزیشن کوقانون ہاتھ میں لینے کی کھلی چھٹی نہیں دی۔کوروناکی موجودہ صورتحال میں پی ڈی ایم نے سیاسی گندپھیلاکرچلے جاناہے۔ اپوزیشن کے جلسے میں آنیوالوں کوکہیں نہیں روکاگیا، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کہیں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی۔معاشی بدحالی،ظلم وجبر اوراداروں کی بے توقیری ان لوگوں نے کی۔ مینار پاکستان استحکام پاکستان کیلئے ہے لیکن وہاں انہوں نے سیاسی سرکس سجا یا۔انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کو کمزور کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے،عوام نے وزیراعظم اوروزیراعلی کوقانونی طریقے سے چناہے،قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کوکٹہرے میں لائیں گے،اپوزیشن کی اقتدارسے محرومی سر چڑھ کربو ل رہی ہے،سیاسی یتیموں کاٹولہ روزگار تلاش کررہا ہے۔انہوں نے سیاسی گند پھیلاکرچلے جاناہے،ان کوتھوڑی بھی تکلیف ہوتوبیرون ملک بھاگتے ہیں۔شہبازشریف،حمزہ نے کسی کوجلسے میں آنے اوراستعفوں کی ہدایت نہیں کی،عوام نے وزیراعظم اوروزیراعلی کوقانونی طریقے سے چناہے،قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کوکٹہرے میں لائیں گے۔ٹویٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج کا دن عوام کے محافظوں اور عوام دشمنوں میں فرق جاننے کا دن ہے۔پی ڈی ایم کا ڈنڈا بردار بھپرا ٹولہ جو جان بوجھ کر جلسے کی آڑ میں معصوم عوام کو کورونا کی دلدل میں دھکیلنے پر بضد ہے۔بے روزگاروں کا ٹولہ اسطرح ایکسپوز ہوگا کہ 11جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کے سیاسی جنازے کو کوئی کندھا دینے کو تیار نہ ہوگا۔
پنجاب حکومت