پی ڈی ایم کا جلسہ بلیک میلنگ، جو مرضی کر لیں این آر او نہیں دونگا، وزیراعظم، جلسے کی ناکامی پر لاہوریوں کا شکریہ، وزراء، معاونین
اسلام آباد،لاہور، ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم نے جلسہ کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈالا اور جلسے کے ذریعے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ پی ڈی ایم مجھے بلیک میل کرکے لوٹی رقم بچانا چاہتے ہیں، بے تحاشہ رقم جمع کرکے کورونا کے دنوں میں لوگوں کی زندگیوں اور صحت کا خیال نہیں رکھا گیا۔میں ایک بار پھر اعادہ کرتا ہوں ان کو این آر او نہیں دوں گا، مستقبل میں بلیک میلنگ کا جو بھی حربہ پی ڈی ایم اپنائے این آر او نہیں دوں گا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مینار پاکستان پر حاضری کے لحاظ سے سب سے چھوٹا جلسہ کیا ہے۔شیخ رشید نے جلسے سے متعلق کہا کہ لاہور سے 13 ارکان قومی اسمبلی اور 40 ایم پی اے رکھنے والی پارٹی کا جلسہ ناکام ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے متاثر نہیں ہوا، یہ مینار پاکستان پر حاضری کے حساب سے سب سے چھوٹا جلسہ ہے، یہ جلسہ ناکام ہے جتنی بڑی تیاری تھی اتنا بڑا جلسہ نہیں تھا۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈیم ایم والوں نے خود اپنی سیاسی قبر کھود دی ہے، انکے ارمان دھرے کے دھرے رہ گئے، لاہور جلسے میں فضل الرحمن مدرسے کے بچوں کو نہ لاتے تو یہاں کرکٹ کھیلی جا سکتی تھی، رابطوں کا ابھی وقت نہیں آیا، جب وقت آئے گا رابطے بھی ہو جائیں گے، فضل الرحمان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، آخری کارڈ آصف زرداری کھیلے گا، لیکن عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ ہم سے بات نہیں کرنی تو کیا فرشتوں سے کرنی ہے،یہ میرے کان میں بتا دیں کہ کس سے مذاکرات کرنے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام اباد میں بہت سردی ہے عمران خان نے ان کو رضائیاں نہیں دینیں۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ آج کے موسم کی طرح ٹھنڈا ہے، 10 سے 15 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہیں ہوسکے جس سے افرادی قوت کا ڈھکوسلا بھی عیاں ہوگیا۔ شبلی فراز نے کہا ہے کہ لاہوریوں کا شکریہ! انہوں نے حکومتی اپیل پرعمل کرکے جلسے میں شرکت سے اجتناب برتا،لوگ اب سمجھدارہیں تو وہ انکے ذاتی مفادات کیلئے کیوں آئینگے؟۔شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے حکومت نے عوام سے جلسے میں شرکت نہ کرنے کی اپیل کی تھی،انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گیا ہے اور عوام نے پی ڈی ایم کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان لوگوں کے پاس کوئی جواز نہیں ہے۔پی ڈی ایم والے دس، پندرہ ہزار سے زیادہ لوگ اکٹھے نہیں کر پائے اور یہ ان کیلئے عبرت مقام بن گیا ہے جس کا شاہد مینار پاکستان ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز شریف کو لاہور نے ریجیکٹ کر دیا ان کی سیاست اب کہاں پر کھڑی ہے یہ ان سے سوال پوچھا جائے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ ٹی وی پر ماحول گرم ہے مگر جہاں جلسہ ہے وہاں ماحول گرم ہے، جلسوں سے ہم پہلے بھی دباؤ میں نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں یہ اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کریں، پارلیمنٹ کو فعال بنالیں، پارلیمنٹ میں آئیں بل پیش کریں، یہ ان کی ذا تی جنگ ہے اسے قوم کی جنگ نہیں بنا سکتے یہ نوازشریف، آصف علی زر داری اور مولانا فضل الرحمن کی ذاتی جنگ ہے اس کیلئے عوام استعمال نہیں ہونگے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی مداری اکھٹے ہو گئے، لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا،عوام چوروں لٹیروں کے ہاتھوں بے وقوف بننے کیلئے تیار نہیں، 70 سال بعد قوم کو عمران خان کی شکل میں ایمان دار قیادت میسر آئی، اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ اچکزئی کولاہورمیں بلانا لاہوریوں کی توہین ہے۔وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ یہ پہلی بارنہیں ہے کہ ن لیگ نے بھی پنجابیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اس سے قبل بھی اٹھارویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 157 پردستخط کر کے پنجاب کیساتھ زیادتی کی گئی تھی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا ہے کہ ابو اور کرپشن بچاؤ اجتماع والے بتا رہے ہیں پاکستان کیلئے فیصلہ کن گھڑی آچکی ہے، ان بیچاروں کے پاس سلوگن بھی جعلی اور چوری شدہ ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ عوام آپ کے اصل کرپٹ چہرے دیکھ چکے ہیں، آج پھر پاکستان، سلامتی اداروں کیخلاف مودی کی زبان بولی تو آپ کا برا انجام ہوگا۔شہباز گل نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو بلیک میلرز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی استعفے نہیں دیں گے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے 8 دسمبر کو استعفوں کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ابھی تک کسی نے سپیکر کو استعفے نہیں دیئے۔ وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہاہے کہ دو ہفتے مریم نواز نے لاہوریوں کے ترلے اور منتیں کیں، لاہور تو کیا کارکن بھی باہر نہ نکلے،تحریکیں جنون سے بنتی ہیں،کرپشن کے مال سے نہیں۔انہوں نے کہاکہ صرف پاکستان کا کپتانcrowd pullerہے۔ 24 گھنٹے میں اسلام آباد کا پریڈ گراؤنڈ بھر دیا۔ 2 دن کی کال پر گریٹر اقبال پارک میں آزادی مارچ کا سونامی آیا۔ تحریکیں جنون سے بنتی ہیں، کرپشن کے مال سے نہیں۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پورے جلسے میں جتنے لوگ آتے ہیں اتنے توہمارے جلسے کے اسٹیج پرہوتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم نے لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے،انکے پورے جلسے میں جتنے لوگ آتے ہیں اتنے توہمارے جلسے کے اسٹیج پرہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے تین باراکیلے مینارپاکستان بھرا، گیارہ جماعتوں کا مل کر یہ حال ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم بھی آخری سانسیں لے رہاہے،کوئی مستقبل نہیں ہے ان کا۔
حکومتی ردعمل