انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کی فہرست میں شامل ملزمہ ایئرپورٹ سے گرفتار
کراچی(ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں کی فہرست میں شامل ملزمہ کو ایئر پورٹ سے گرفتار کرلیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق گزشتہ روز ایف آئی اے کی انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں کی فہرست میں شامل خاتون ملزمہ کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کردیا گیا جہاں پر اسے عدالتی احکامات پر جیل بھیج دیا گیا ،ملزمہ عاصمہ رفیق کئی برسوں سے ایف آئی اے کے مقدمات میں مفرور تھی اور بیرون ملک روپوش تھی ملزمہ کے خلاف کراچی میں نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسا دے کر رقوم بٹورنے کے الزامات ہیں ،ایف آئی اے ذرائع کے بقول خاتون ملزمہ نے خود کو گرفتاری سے بچانے کے لئے کئی برس بعد پاکستان آمد کے لئے کراچی ایئر پورٹ کے بجائے اسلام آباد ایئر پورٹ کا انتخاب کیا جس کی وجوہات کے حوالے سے بھی ایف آئی اے حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا کہ ملزمہ کے سہولت کاروں نے اسے کراچی ایئر پورٹ کے بجائے اسلام آباد ایئر پور ٹ استعمال کرنے کے لئے کوئی سیٹنگ بنانے کی کوشش کی تھی تاکہ اسے نکالا جاسکے تاہم ملزمہ عاصمہ رفیق جیسے ہی اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچی تو اس ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود اس کے کوائف ”Hit“ ہوئے اور اسے ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے گرفتار کرکے حراست میں لے کر کراچی منتقل کردیا جہاں پر ملزمہ کو ایف آئی اے کراچی کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی ٹیم نے اپنے مقدمہ میں تحویل میں لے کر عدالت کے روبرو پیش کیا ۔
ملزمہ کی اسلام آباد سے گرفتاری اور کراچی منتقلی کے بعد ایف آئی اے حکام کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات میں بتایا گیا کہ عاصمہ رفیق زوجہ محمد رفیق اقبال باوانی گزشتہ روز پی آئی اے کی پرواز نمبر PK895کے ذریعے بیرون ملک سے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچی جہاں اسے تحویل میں لیا گیا جس کے بعد ملزمہ کو کراچی ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کی ٹیم نے گرفتارکرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے جس میں ملزمہ کو مقدمہ الزام نمبر 430/2016میں کو ٹرائل کورٹ کی خصوصی عدالت میں ممکنہ طور پر پیر والے دن پیش کیا جائے گا۔