ہائی ویز پر سفر کرنے والے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے وزیراعلی پنجاب نے اہم احکامات جاری کردئیے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہائی ویز پر سفر کرنے والے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پٹرولنگ پولیس کی گاڑیوں کے پٹرول میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ڈیزل کی مقدار10لیٹرزسے بڑھا کر 15لیٹرز یومیہ کردی گئی ہے۔
فنڈز میں کمی کے باعث پی ایچ پی کی گاڑیوں میں ڈیزل کی مقدار 20 لیٹرز سے کم کر کے10 لیٹرز یومیہ کردی گئی تھی جس کے باعث فورس کوگشت کے دوران مشکلات کا سامنا تھا۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی شاہد حنیف نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول ڈیزل کی کمی کے باوجود اپنے فرائض تندہی سے سر انجام دیتی رہی ہے اورشاہرات پر کرائم کنٹرول اور لوگوں کی ہیلپ کے لحاظ سے پنجاب ہائی وے پٹرول نے اپنا موثر اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اب ڈیزل کی مقدار دس لیٹرزسے بڑھا کر 15لیٹرز یومیہ ہو چکی ہے جس سے پنجاب ہائی وے پٹرول کے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مزید بہتری آئے ہے پی ایچ پی مزید بہتر انداز میں ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہے۔ فنڈز کی کمی کے باعث جو مسائل پیدا ہوئے تھے وہ حل ہو چکے ہیں،ڈیزل کی یومیہ لمٹ 30 لیٹر تک بڑھانے کے لیے سمری فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائی جا چکی ہے جس کے منظور ہوتے ہی گشت کا نظام مزیدموثر ہو جائے گا۔انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران تمام ایمرجنسی کالز پر فوری ریسپانس دیا گیا۔ایکسیڈنٹس کی صورت میں بطور فرسٹ رسپانڈر فوری طور پر نہ صرف موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئیں بلکہ زخمیوں کو فوری قریبی ہسپتالوں میں شفٹ بھی کیا گیا بھاری گم شدہ رقوم، قیمتی لاوارث جانور اورگمشدہ کم عمر بچوں کو بروقت ان کے ورثاءتک پہنچایا گیاہے۔ شاہراہوں کو محفوظ رکھنے اورکرائم کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ پی ایچ پی پولیس اپنی تمام اعلیٰ روایات”محفوظ شاہرات محفوظ عوام“کو برقرار رکھنے کے لیے ہر دم پر عزم ہے۔