سندھ میں کورونا کے بڑھتے وار، مزید 6 افراد جاں بحق
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار 260 متاثر ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 962 ہو گئی ہے جب کہ 3 ہزار 164 اموات ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کے 781 مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 86 وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے ایک ہزار41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار234 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 36افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 8ہزار 832 تک پہنچ چکی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 2ہزار 362نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 4لاکھ 40ہزار787ہوگئی ہے۔