محمود خان اچکزئی پی ڈی ایم جلسہ میں پنجابیوں کے متعلق دئیے گئے بیان پر ڈٹ گئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ میں دئیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں، پنجابیوں سے متعلق بیان پر کوئی معافی نہیں مانگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اپنے بیان پر ڈٹ گئے، صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیان پر قائم ہوں، پنجابیوں سے معافی نہیں مانگی۔انکا کہنا تھا کہ میرے نام پر ٹویٹر اکاونٹ سے معذرت کی گئی، اکاونٹ جعلی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے جلسے میں محمود خان اچکزئی نے پنجابیوں سے متعلق تنقید کی تھی ، ان کے بیان کی وفاقی وزیر فواد چوہدری، معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے مذمت کی تھی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی ایک مشن پر ہیں، نسل درنسل یہ لوگ پاکستان کے مخالف ہیں، یہ پاکستان میں بیرونی طاقتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا بہادر مہاراجہ رنجیت سنگھ انگریزوں کےخلاف ڈٹا رہا، رنجیت سنگھ نے اپنی زندگی میں انگریوں کو پنجاب آنے نہ دیا، بھگت سنگھ جیسابہادربھی پنجاب میں ہی پیداہوا، یہ ساری باتیں محمود اچکزئی سے اوپرکی سطح کی باتیں ہیں۔