"مائنوریٹی کارڈز" کے اجراءکا اعلان،اقلیتیں پاکستان کی شان اور ترقی کا اہم حصہ ہیں:وزیر خزانہ پنجاب

Dec 14, 2024 | 01:15 AM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے ٹی ایم جی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کرسمس کی سالانہ تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو کرائسٹ کے یوم پیدائش کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کرسمس کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی شان اور ملک کی ترقی کا اہم حصہ ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان جتنا مسلمانوں کا ہے، اتنا ہی یہاں بسنے والی اقلیتوں کا بھی ہے۔ اسلام احترام انسانیت کا درس دیتا ہے، اور بطور اسلامی جمہوریہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ حکومت پنجاب نے اقلیتوں کو حکومتی ایوانوں میں بھرپور نمائندگی دی ہے تاکہ وہ اپنی کمیونٹی کے لیے بہتر خدمات سرانجام دے سکیں۔

وزیر خزانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نواز  کی قیادت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے تاریخی اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کرسمس کے لیے مسیحی برادری کی امدادی گرانٹ کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔ کرسمس پیکج میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو 5 ہزار کے بجائے دس، دس ہزار کے چیکس دیئے جائیں گے۔

مزید برآں، انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے "مائنوریٹی کارڈز" کے اجراءکا بھی اعلان کیا۔ ان کارڈز کے ذریعے اقلیتی برادری کے مستحق افراد پورا سال حکومتی گرانٹ سے استفادہ کر سکیں گے۔ یہ اقدام اقلیتوں کی مالی امداد کو منظم اور موثر بنانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

تقریب کے دوران وزیر خزانہ نے مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "اقلیتوں کا کردار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں قابل تحسین ہے۔ حکومت پنجاب ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔"

تقریب کے اختتام پر مسیحی برادری نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے خصوصی گرانٹ پر شکریہ ادا کیا اور کرسمس کی خوشیوں کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

مزیدخبریں