لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد نے کالم نگاروں سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ چین پر بر یفنگ دی۔
انہوں نے بتایا وزیر اعلیٰ مریم نواز چین کے دورے کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی معاہدے کررہی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نوازشریف کینسر ہسپتال کے لئے بھی معاہدہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے دورۂ چین کے ثمرات آنے والے دنوں میں صوبہ پنجاب کی عوام کو ملیں گے۔ پنجاب میں سموگ کے خاتمے کے لیے بھی چین کے ساتھ ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ پنجاب میں سکولوں کی سطح پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو فروغ دینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کی کمپنیوں کے دورے کیے ہیں۔ پنجاب کے سکولوں میں اے آئی پر کام شروع کرنے پر جلد پیش رفت ہوگی۔
ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد نے بتایا کہ اخبارات کو اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور میڈیا کو مسلسل ادائیگیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ دور حکومت کے التواء شدہ واجبات دستاویزات مکمل ہونے پر ادا کردیئے جائیں گے۔ چھوٹے اور بڑے اخبارات کو مکمل منصفانہ انداز میں اشتہارات دیئے جارہے ہیں۔ ادائیگیاں جو زیر التواء ہیں انہیں اگلے2 ماہ تک مکمل کرلیا جائے گا۔
ملاقات میں سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی،ارشاد عارف، جمیل اطہر، نجم ولی، صوفیہ بیدار، پرویز بشیر، واصف ناگی، خالد جاوید جان، عرفام اطہر، اعجاز حفیظ خان، بیدار سرمدی، نثار بشیر، خادم حسین، ناصرہ عتیق، حامد ولید، فیاض ملک، شفقت حسین، سلمان ملک، لبنیٰ ظہیر، طارق حمید، یوسف عباسی، لطیف چوہدری،آصف عفان، سہیل قیصر، جویریہ بنت ربانی، ربیعہ رحمٰن اورعیشا پیر زادہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
کالم نگاروں نے مریم نواز کے دورۂ چین کے دوران کینسر ہسپتال اور سولر پینلز اور دیگر منصوبوں کے بارے میں مفاہمت کی یادداشتوں کو سراہا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔