ایڈز سے بچاؤ کے لیے آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے: ڈاکٹر حاجی محمد حنیف

Dec 14, 2024 | 10:53 AM

لاہور (ویب ڈیسک) ایڈز سے بچاؤ کے لیے آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایکٹو ہیلتھ آرگنائزیشن کے سی ای او ڈاکٹر حاجی محمد حنیف نے پنجاب یونیورسٹی , پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور ایکٹو ہیلتھ آرگنائزیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایڈز آگاہی مہم کے ذریعے ہی اس مرض سے بچاؤ ممکن ہے اور اس مہم میں نوجوان طلبہ و طالبات کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز جیسی بیماری سے بچاؤ کا صرف واحد ذریعہ احتیاط ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روبینہ ذاکر کا کہنا تھا کہ صحت دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ پنجاب کے طلبہ اس مہم میں شانہ بشانہ ہوں گے۔ تقریب سے پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ پنجاب کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر نعمان علی چوہدری نے بھی خطاب کیا۔

 تقریب میں ایکٹو ہیلتھ آرگنائزیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر کلثوم اختر, انچارج معلوماتی سینٹر لاہور عروہ سلطانہ , وکٹم سپورٹ آفیسر تحفظ سینٹر معصومہ علی سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایکٹو ہیلتھ آرگنائزیشن اور ڈپارٹمنٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے جبکہ شرکاء کو یادگاری شیلڈز اور سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔

مزیدخبریں