شادی کی تقریب میں لائے گئے پالتو شیر نے مہمانوں کو نوچ ڈالا
طرابلس (ویب ڈیسک) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں ایک شادی کی تقریب میں پالتو شیر نے مہمانوں پر حملہ کرکے متعدد کو زخمی کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جبکہ تقریب میں شیر کو لانے پر شدید تنقید بھی کی جارہی ہے۔ یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مہمان اپنے پالتو شیر کے ساتھ شادی ہال پہنچا۔
ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتاہے کہ شیر جب ہال میں داخل ہوا تو بہت سے لوگوں کو دیکھ کر گھبرا گیا۔
مالک نے شیر کو قابو کرنے کی کوشش کی، مگر شیر نے رسی چھڑا کر ہجوم کی طرف دوڑ لگا دی۔ شیر کے مالک اور دیگر افراد نے اسے روکنے کی کوشش کی، لیکن شیر کی طاقت نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
مالک نے شیر کے سر پر چابک کا دستہ مارا، جس سے شیر مزید غصے میں آ گیا اور مہمانوں پر حملہ کر دیا۔ شیر کے نوکیلے اور طاقتور پنجوں کی زد میں آکر متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔
اس دوران، مالک نے اپنے ڈرائیور اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر شیر کو قابو کرنے کی کوشش کی، مگر شیر بھاگتا ہوا شادی ہال سے باہر نکل گیا۔