سابق فٹبالر کو ایک ملک کا صدر بنا دیا گیا
تبلیسی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مانچسٹر سٹی کے سابق فٹبالر کو یورپ اور ایشیا کے انٹرسیکشین پر واقع ملک جارجیا کی متنازعہ پارلیمنٹ نے صدر مقرر کر دیا۔ یہ فیصلہ 17 دن کے ان پرویورپی یونین مظاہروں کے بعد کیا گیا جو ملک کے شہروں اور قصبوں میں جاری تھے۔
بی بی سی کے مطابق 53 سالہ میخائل کاویلاشویلی، جو پہلے جارجیا کی حکمران جماعت "جارجین ڈریم" کے ایک ایم پی رہ چکے ہیں، اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے۔ ہفتے کے روز جارجیا کے الیکٹورل کالج کے 225 میں سے 224 ارکان نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔
چار اہم اپوزیشن گروپوں نے کاویلاشویلی کی تقرری کو مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اصرار کیا ہے کہ اکتوبر میں ہونے والے انتخابات دھاندلی زدہ تھے۔
شدید سردی کے باوجود ہفتے کی صبح سے ہی بڑی تعداد میں مظاہرین پارلیمنٹ کے باہر جمع ہوئے۔ جارجیا کی سبکدوش ہونے والی پروویسٹرن صدر سالومے زورابیشویلی نے کاویلاشویلی کے انتخاب کو ایک مذاق قرار دیا ہے۔