ایشیائی ترقیاتی بینک نے 50لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی
اسلام آباد(آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے جلالپور اریگیشن پراجیکٹ کیلئے ابتدائی طور پر 50لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔ اے ڈی بی کے جاری بیان کے مطابق منصوبہ کے ابتدائی مرحلہ میں پراجیکٹ کے ڈیزائن اور آبپاشی کے انتظامی ڈھانچے کو مکمل کیا جائیگا۔ منصوبہ کی تکمیل سے جہلم اور خوشاب کے اضلاع میں 65ہزار ہیکڑ سے زائد رقبہ کیلئے آبپاشی کا پانی دستیاب ہوگااور اس سے زرعی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔حکومت پنجاب منصوبہ کے ڈیزائن کی تیاری کے حوالے سے 15لاکھ ڈالر فراہم کر ے گا جبکہ اے ڈی بی منصوبہ کیلئے مجموعی طور پر 15کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ جلالپور ایری گیشن منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 19کروڑ ڈالر ہے۔
