54ہزار سرکاری سکولوں کیلئے 12ارب کا ’’این بی ایس‘‘ فنڈز جاری کرنے کا پروگرام

54ہزار سرکاری سکولوں کیلئے 12ارب کا ’’این بی ایس‘‘ فنڈز جاری کرنے کا پروگرام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( لیاقت کھرل) صوبے بھر کے 54 ہزار سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ایک کروڑ 20 لاکھ کے قریب بچوں کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور بچوں کی ویلفیئر کے لئے پہلی مرتبہ 12 ارب سے زائد کا نان سیلری بجٹ ( این بی ایس) فنڈز جاری کیا جا رہا ہے جس کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری تعلیم عبدالجبار شاہین کی جانب سے بھجوائی جانیوالی سمری پر باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔ یہ فنڈز سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹروں کو براہ راست چار الگ الگ اقساط میں دیا جائے گا جس میں تین ارب کی پہلی قسط باقاعدہ جاری کر دی گئی ہے جو کہ ہیڈ ماسٹروں اور ہیڈ مسٹریس کے اکاؤنٹ میں 15 فروری تک پہنچ جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فی طالب علم پر ایک ہزار روپے سالانہ کے حساب سے خرچ کرنے کا حکم دیا ہے جس کی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سیکرٹری تعلیم عبدالجبار شاہین کی جانب سے بھجوائی جانے والی سمری کو باقاعدہ منظور کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے جس میں پنجاب بھر کے 54 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ایک کروڑ 20 لاکھ طلباء و طالبات کی ویلفیئر پر سال بھر میں ایک ہزار روپے فی طالب علم خرچ کیا جا رہاہے جس میں بچوں کی یونیفارم، کتابیں اور سکولوں کی وائٹ واشنگ سمیت لیبارٹری کے سامان کی مرمت بھی ہو سکے گی۔اس فنڈکا نام نان سیلری بجٹ رکھا گیا ہے اور یہ فنڈ سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹروں کو براہ راست جاری کیا جا رہا ہے جس کی پہلی قسط 15 فروری سے جاری کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نان سیلری بجٹ کا ابتدائی تخمینہ 12 ارب لگایا گیا ہے جس میں پہلی قسط تین ارب روپے کی جاری کر دی گئی ہے جو کہ 15 فروری سے ہیڈ ماسٹروں کے اکاؤنٹ میں پہنچ جائے گی۔ اس حوالے سے سیکرٹری تعلیم عبدالجبار شاہین نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ یہ فنڈ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیا جا رہا ہے جو کہ ان کی سمری پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی طور پر جاری کیا ہے۔اس حوالے سے ای ڈی او تعلیم لاہور پرویز اختر خان نے بتایا کہ نان سیلری بجٹ کا فنڈ باقاعدہ جاری کردیا گیا ہے اس میں پرائمری سکولوں میں فنڈز کی زیادہ شرح رکھی گئی ہے۔ اس سے صوبے بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم میں بہتری آئے گی اور بچوں کی ویلفیئر بھی بہتر انداز میں کی جا سکے گی

مزید :

صفحہ آخر -