مشال خان قتل کیس: پشاور ہائیکورٹ میں 26 ملزموں کی بریت کیخلاف اپیل دائر
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاور ہائیکورٹ میں مشال خان قتل کیس میں 26 افراد کی بریت کےخلاف اپیل دائر کردی گئی، مشال کے بھائی نے اپیل میں انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں مشال خان کے بھائی ایمل خان کی جانب سے 26 افراد کی بریت کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں ایمل خان کی جانب سے انسداد دہشتگردی عدالت کے 26 افراد کو بری کئے جانے کے فیصلے کو کالعدم کرنے کی استدعاکی گئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق اتنے بڑے ظلم کے بعد ایسی سزا اسلامی قوانین کے خلاف ہے، بری ہونے والے افراد نے رشکئی انٹر چینج پر سب کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے جس کی ویڈیو بھی موجود ہے۔
درخواست گزار کے مطابق واقعے میں ملوث تمام افراد کو سزائے موت دی جائے، درخواست میں خیبرپختونخوا حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔