سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے‘ وزیر زراعت کی ہدایت

سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے‘ وزیر زراعت کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت ولائیوسٹاک محب اللہ خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور غریب زمینداروں کی فلاح وبہبود کو ان منصوبوں میں ترجیح دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سستی برتنے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع ممبران صوبائی اسمبلی شفیع اللہ خان ، ہمایون خان ، سیکرٹری زراعت ولائیوسٹاک اسرار خان ، چیف پلاننگ آفیسر سید منتظر شاہ ، محکمہ زراعت و لائیوسٹاک، سائل کنزرویشن ،ماہی پروری ، واٹرمینجمٹ، زرعی انجینئرنگ کے ڈی جیز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جاۂ لیا گیا اور وزیر زراعت نے افسران کو تاکید کی کہ وہ ان منصوبو ں کو باہمی مشاورت اور قومی جذبے کے تحت شفاف طریقے سے مکمل کریں انہو ں نے کہاکہ ضم شدہ اضلاع اور صوبے کے دیگر دیہاتوں میں غریب لوگوں کی آمدن کا انحصار زراعت اور لائیوسٹاک سے وابستہ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت اس شعبہ کی ترقی پر خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور وفاقی حکومت بھی زراعت کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے تعاون سے صوبے میں زرعی خودکفالت کی جانب نمایاں پیش رفت حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے زمینداروں اور مویشی پال لوگوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے پر بھی غوروخوض جاری ہے تاکہ وہ پولٹری فارم اور ڈیری فارمز کے قیام کے ذریعے اپنے لئے با عزت روزگار حاصل کرسکیں۔