مشیر آئی ٹی کی تعلیمی اداروں میں طلباء کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت

مشیر آئی ٹی کی تعلیمی اداروں میں طلباء کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات ...

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش اورمشیر وزیراعلیٰ برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے پشاور شہر کے علاقے شیخ آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرکاری تعلیمی اداروں میں ناکافی سہولیات ،سکولوں کی عمارات کی خستہ حالی اور اساتذہ کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اس ضمن میں اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے گورنمنٹ شہید مبین اسلم قریشی سکول شیخ آباد میں سکول عمارت کے جزوی حصے کو گرا کر دوبارہ تعمیر کیلئے اقداما ت کرنے اور مذکورہ سکول میں میٹرک سطح کے لیے درکار اساتذہ کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے جبکہ مذکورہ علاقے میں پرائمری سکول کے خستہ حال حصے کی دوبارہ تعمیر میں تاخیر پر ذمہ داروں سے وجوہات معلوم کرنے اور گرلز پرائمری سکول شیخ آباد کے لیے داخلی راستے کے مناسب انتظام کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش اور مشیر وزیراعلی برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے آج پشاور شہر کے شیخ آباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں واقع سرکاری تعلیمی اداروں اور سول ڈسپنسریوں کا اچانک دورہ کیا اور تعلیمی سرگرمیوں،طلباء و طالبات کو فراہم کردہ سہولیات اور طبی مراکزکا جائزہ لیا۔ انہوں نے دورے کے دوران شیخ آباد میں گورنمنٹ شہید مبین اسلم قریشی سکول ،گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر1 سرکل سٹی ٹاؤن، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ مڈل وپرائمری سکول محلہ اسلام آباد گلی نمبر6،سول ڈسپنسری حسین آباد اور شیخ آباد کا دورہ کیا اور وہاں پر تعلیمی سرگرمیوں، سکولوں کو درکار سہولیات و ضروریات اور صحت کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے گورنمنٹ مڈل و پرائمری سکول محلہ اسلام آباد کی مکمل عمارت جبکہ جی پی ایس سرکل سٹی ٹاون اور گورنمنٹ شہید مبین اسلم قریشی سکول شیخ آباد کے جزوی حصہ کی دوبارہ تعمیر کا کیس تیار کرنے کی ہدایت کی۔دونوں رہنماؤں نے جی جی پی ایس اور جی جی ایچ ایس شیخ آباد کے لئے مناسب داخلی راستوں کے لئے بھی نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سول ڈسپنسری شیخ آباد کے لئے بلاتعطل بجلی کے متبادل بندوبست اور سول ڈسپنسری حسین آباد میں ڈینٹل یونٹ کے قیام کے لیے ضروری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پرکامران بنگش کا کہنا تھا کہ صحت و تعلیم کے بنیادی شعبہ جات کی ترقی موجودہ صوبائی حکومت کے ترجیحی ایجنڈے کا حصہ ہیں اور سرکاری سکولوں کے معیار کو بہتر بنانے پر ہماری خا ص تو جہ ہے۔ مشیروزیراعلی ضیاء اللہ بنگش نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کی در کا رسہولیات کو پورا کیا جا رہا ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے والدین اپنے بچے نجی شعبے سے سرکاری تعلیمی اداروں میں لا رہے ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...