ضم شدہ اضلاع ،ایڈوائزری کمیٹی مکمل طو ر پر بااختیار ہے ،اجمل خان وزیر

ضم شدہ اضلاع ،ایڈوائزری کمیٹی مکمل طو ر پر بااختیار ہے ،اجمل خان وزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اور صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے سینٹروں اور ارکان قومی اسمبلی پر مشتمل ایڈوائزر ی کمیٹی قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگی اُنہوں نے کہاکہ کمیٹی میں تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ جمعیت علمائے اسلام (ف)، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ارکان کو بھی نمائندگی حاصل ہے ۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجمل خان وزیرنے کہاکہ ایڈوائزری کمیٹی مکمل طورپر بااختیار ہے اور یہ کمیٹی ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی امور کی نگرانی کے ساتھ ساتھ سیاسی عناصر کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے دیگر مسائل کا حل بھی نکالے گی۔ انہوں نے کہاکہ ضم شدہ اضلاع میں عدالتی نظام کے قیام کے لئے اعلامیہ پہلے ہی جاری ہوچکا ہے جبکہ ایک ہفتے کے اندر پولیس کے لئے بھی باقاعدہ میکنیزم وضع کرکے پولیس کا نظام بھی قائم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لیویز اور خاصہ داروں کے لئے بھی ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے پر کام جاری ہے پی ٹی آئی کی حکومت کسی کو بے روزگار نہیں کرے گی تاہم کسی کو گھر بیٹھے تنخواہ نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ حکومت اور تمام ادارے ضم شدہ اضلاع کے حوالے سے ایک پیچ پر ہیں ہم مل جل کر آگے بڑھ رہے ہیں اور ہماری پہلی ترجیح مسائل کے شکار ضم شدہ اضلاع کے عوام کے دیرینہ مسائل اور مشکلات فوری طورپر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی قیادت میں ایڈوائزری کمیٹی مکمل بااختیار ہے اور اس کمیٹی کی مشاروت سے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہو ں نے کہاکہ تمام صوبائی محکموں کا دائرہ ان اضلاع تک بڑھایا گیا ہے اور ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ یونٹ کا دائرہ پہلے ہی ان اضلاع تک بڑھایا گیا ہے ایک سوال کے جواب میں صوبائی ترجمان نے کہاکہ صوبائی حکومت صحافیو ں کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور وزیر اعلی محمود خان صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے پہلے ہی احکامات دے چکے ہیں۔