انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ لیول پر شکایا ت آفس قائم کردئیے گئے
لاہور(کر ائم رپورٹر)صوبے بھر میں عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ لیول پر کمپلیٹ آفس قائم کر دئیے گئے ہیں ۔ جس میں ایس پی رینک کا آفیسر اس کا انچارج ہو گا جسے تمام بنیادی سہولتیں، کمپیوٹر، پرنٹر، سکینر، انٹرنیٹ ، آئی ٹی کا ماہر سٹاف اور دیگر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ یہ کمپلینٹ آفیسر براہِ راست سی پی اوز اور ڈی پی اوز کی سربراہی میں کام کرے گا اور وہ ان تمام معاملات جس میں 22aاور 22bکی درخواستیں، وزیر اعظم پورٹل کے ذریعے موصول شدہ شکایات اور سی ایم آفس سے موصول شدہ شکایات کوضلعی لیول پر نہ صرف سنے گا بلکہ ان کو حل کرنے کا بھی ذمہ دار ہو گا۔ ان شکایات کے دفاترمیں پولیس سے متعلق ہر قسم کی شکایات بھی درج کروائی جا سکیں گی اور کمپلینٹ آفیسر اسے سننے کے بعد دئیے گئے سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق حل کرنے کا پابند ہو گا۔ اس کے علاوہ سیشن ججز ان آفسز کا اگلے ہفتے دورہ بھی کریں گے تا کہ پنجاب پولیس کریمنل جسٹس سسٹم میں باہمی تعاون سے اپنا مثبت کردار ادا کر سکے۔ کانفرنس میں تمام آر پی اوز اورڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ کانفرنس میں تمام فیلڈ افسران کو یہ کہا گیا ہے کہ وہ ایس ایچ اوز کی تھانوں میں 2گھنٹے کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے اور تمام ایس ایچ اوز اس وقت کے دوران کوئی اور کام نہیں کریں گے جبکہ 15مارچ سے گرمیوں کے اوقات کار لاگو ہونگے اور ایس ایچ اوز شام 4سے 6بجے تک عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اپنے دفاترمیں موجود رہیں گے۔ اور جو ایس ایچ او ان اوقات کار میں اپنے دفتر سے غیر حاضر پایا گیا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں گزشتہ 6ہفتے کے دوران 321مقدمات کے اندراج میں تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف متعلقہ اضلاع کے آر پی اوز اور سی سی پی او کو یہ حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ ذمہ داران کی شناخت کر کے انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کو بھیجیں تا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔