صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کی زیر صدارت کھلی کچہری، لوگوں کے مسائل سنے

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کی زیر صدارت کھلی کچہری، لوگوں کے مسائل سنے

لاہور( لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس میں منعقد ہونے والی کھلی کچہری میں عوام کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔صوبائی وزیر مراد راس نے لوگوں کے مسائل سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔لوگوں نے تعلیم، صحت، واسا، پولیس، سوئی گیس،پانی اور صفائی سے متعلق شکایات پیش کیں۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔

نیا پاکستان مسائل اور کرپشن سے پاک ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے پاکستان میں تعلیم،صحت اور دیگربنیادی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سماجی بھلائی اور انصاف پر مکمل یقین رکھتی ہے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات پر عمل پیرا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 100روزہ پلان کا مقصد عوامی فلاح کیلئے کام کرناہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو فروغ تعلیم کے اعتبار سے ایک روشن اور بے مثال صوبہ بنائیں گے اورپنجاب میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔مراد راس نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کے افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں اورعوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مرادراس نے محکمانہ شکایات کے ازالے کیلئے قائم کردہ ہیلپ لائن نمبر 0336-7251214 پر فون کیا۔صوبائی وزیر نے بطور عام شہری فون کر کے ہیلپ لائن کے سٹاف کو اپنا مسئلہ بیان کیا۔صوبائی وزیر کے فون کا مقصد اضافی فیس کی واپسی کے حوالے سے قائم کردہ محکمانہ ہیلپ لائن کی کارکردگی کا جائزہ لیناتھا۔صوبائی وزیرمراد راس نے ہیلپ لائن کے سٹاف کی کارکرگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجویشن اضافی فیس واپس نہ کرنے والے پرائیویٹ سکولز کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ طالب علم یا والدین اضافی فیس کی عدم ادائیگی کی صورت میں اپنی شکایات محکمانہ ہیلپ لائن پر فوراََ درج کروائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1