حکمران غریبوں کا جینا مزید دوبھر نہ کریں،ذکر اللہ مجاہد

حکمران غریبوں کا جینا مزید دوبھر نہ کریں،ذکر اللہ مجاہد

لاہور(سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران سابقہ قرضوں کو بنیاد بنا کر غریبوں کا جینا مزید دوبھر نہ کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی علاقہ غربی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قائم مقام امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی غلام حسین بلوچ ، سیکرٹری علاقہ غربی علی ارتضی حسنی، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد،عبدالکریم عابد،رانا محمد خلیل، چوہدری عبدالواحد،ڈاکٹر نثارعابدو دیگر موجود تھے۔ذکراللہ مجاہد نے مزید نے کہا کہ حج سمیت بنیادی انسانی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسی ہے۔حکمرانوں نے عوامی توقعات کے برعکس پالیسیاں اختیار کی ہیں۔قوم کر مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا۔ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں،عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے خاص طور پر لاہور کے مسائل پنجاب حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔عوامی منصوبے جن پرقرضے لے کر اربوں روپے خرچ کیئے گئے وہ بھی سیاست کی نظر کر دیئے گئے۔

پینے کا صاف پانی، اورنج لائن ٹرین کی تکمیل میں تاخیر ،شہر میں پارکنگ کے ایشو، سیورج کا ناقص نظام،ٹریفک کا ناقص نظام اس شہر کے بڑے مسائل ہیں جن پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کیلئے کو ئی منصونہ بندی نہیں ہے۔ ویلنٹائن ڈے ودیگر فضول اور غیر اخلاقی تہواروں کی اجازت قوم کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی ان کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔جماعت اسلامی لاہور شہر کی تعمیر و ترقی چاہتی ہے۔ قوم ساتھ دے اور کارکنان بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1