غیر ملکی طلباء کی سہولت کیلئے انٹرنیشنل آفس قائم کیا جائے گا، پروفیسر نیاز

غیر ملکی طلباء کی سہولت کیلئے انٹرنیشنل آفس قائم کیا جائے گا، پروفیسر نیاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (لیڈی رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ غیر ملکی طلباء و طالبات کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے انٹرنیشنل آفس قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں غیر ملکی طلباء و طالبات کی تعداد میں اضافے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم غیر ملکی طلباء و طالبات کے اعزاز میں دئیے گے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، چئیرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر عصمت اللہ، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز اور 100 سے زائد غیر ملکی طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتری آ رہی ہے اور جلد ہی اس سلسلے میں خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم غیر ملکی طلباء و طالبات اچھے غیر ملکی امیدواروں کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلے لینے کے لئے آگاہی دیں اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی تاکہ ذیادہ سے ذیادہ غیر ملکی طلباء و طالبات کو داخلہ دیا جا سکے۔ تقریب میں مختلف غیر ملکی طلباء و طالبات نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ان کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کر رہی ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ والدین کی طرح ان کا خیال رکھ رہی ہے اور وہ اپنے ملک سے ذیادہ پاکستان سے محبت کرنے لگے ہیں۔