زرعی رقبے کو بچانے کیلئے کثیر المنزلہ عمارتوں کو فروغ دینا ہو گا : شیخ عمران

زرعی رقبے کو بچانے کیلئے کثیر المنزلہ عمارتوں کو فروغ دینا ہو گا : شیخ عمران

لاہور (سٹی رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اورپاکستان انجینئرنگ کونسل نے لاہور میں بین الاقوامی معیارات ‘سیفٹی سٹینڈرز اور دیگر سہولتوں کے مطابق کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے سلسلے میں باہمی تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے تحت پاکستان انجینئرنگ کونسل سٹرکچر انجینئرز کے علاوہ فائر سیفٹی ‘ماحولیات اور دیگر شعبوں میں کنسلٹنس کی رجسٹریشن کا معیار وضع کرے گی اور ا س سلسلے میں ایل ڈی اے سے رضاکارانہ طور پرتعاون کرے گی۔ایل ڈی اے کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کی طرف سے انجینئر جاوید سلیم نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین شیخ محمدعمران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر کی وسعت میں روز بروز اضافے کے نتیجے میں زرعی مقاصد کے لئے دستیاب رقبے میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ ان حالات میں شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک پاکستان میں جدید دور کی ضروریات پوری کرنے والے تعمیراتی قوانین نہیں بنائے جا سکے جس کی وجہ سے یہاں اچھی اور بالخصوص کثیر المنزلہ عمارتیں تعمیر نہیں کی جا سکیں ۔ایسے قوانین کی اشد ضرورت ہے ۔ پاکستان انجینئر نگ کونسل کی ریسرچ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔

‘اس ایم او یو کے نتیجے میں ہم ان کی ریسرچ سے استفادہ کر سکیں گے۔ انہوں نے اس اہم اقدام پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان اور چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر سلیم جاوید کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران نے کہا کہ حقیقی تبدیلی راتوں رات نہیں آتی ‘ پائیدار تبدیلی ایک بتدریج عمل ہے جو لوگوں کی مرضی سے آتی ہے اور وہ اسے قبول بھی کر لیتے ہیں۔ تقریب میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے ارکان ممبران صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا‘قصور سے ملک مختار احمد، شیخوپورہ سے عمر آفتاب ڈھلوں اور ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ چونیاں ضلع قصور سے چیئرمین یونین کونسل نعیم رفیق‘فیصل ٹاؤن لاہور سے چیئرمین یونین کونسل حاجی محمد فیاض اور عامر ریاض قریشی‘وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرلز عبد الشکور رانااور ظریف اقبال ستی اور بڑی تعداد میں دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...