تحریک انصاف عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے،عزیز الرحمن چن

تحریک انصاف عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہی ہے،عزیز الرحمن چن

لاہور(نمائندہ خصوصی )پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ خیالی جنت میں رہنے والی تحریک انصاف اقتدار میں آ کر عوام کے مسائل میں کمی کرنے کے بجائے اضافہ کر رہی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دعوؤں کے مطابق ساری دنیا سے سرمایہ آ سکا اور نہ ہی قرضوں سے چھٹکارے کے دعوے وفا ہو سکے ہیں۔ بجلی گیس کے بحران کے باعث معاشی سرگرمیاں محدود ہوتی جا رہی ہیں۔

جس کے باعث سفید پوش طبقہ اور مزدور بیروزگاری کا شکار ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کرنے والے اب قوم کو لالی پاپ دینے میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران سیاسی انتقام میں مصروف ہیں، حکومت نے چھ ماہ کے اندراپنے کسی فیصلے میں اپوزیشن اورپارلیمنٹ کواعتماد میں نہیں لیا۔حکمران اپنے غلط اورجذباتی فیصلے ملک وقوم پرتھوپ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...