عبدالعلیم خان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کا امکان
لاہور(شہزاد ملک، نمائندہ خصوصی) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رکن اسمبلی و سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خاں کیلئے خوش خبری آ گئی، محکمہ قانون نے حکومت کوصوبائی اسمبلی کا اجلاس 18 فروری کو طلب کرنے کی تجویز دیدی ۔ اجلاس منعقد ہونے کی شکل میں عبدالعلیم خان سپیکر پرویز الٰہی کے پروڈکشن آرڈرز پر اسمبلی اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔ذرائع کے مطابق محکمہ قانون پنجاب اسمبلی اجلا س طلب کرنے کی سمری وزیر اعلیٰ کو بجھوا دی ہے۔اجلاس میں حکومت کی جانب سے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل، پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ترمیمی بل ، پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ترمیمی بل سمیت دیگر مسودات قانون پیش کئے جائیں گے ،مذکو رہ تینوں بلوں کی سپیشل کمیٹی نے منظوری دی تھی، مگر ان پر محکموں نے اعتراض اٹھا دئیے تھے،جس کے باعث یہ بل پنجاب اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں پیش نہیں کئے گئے تھے۔18 فروری کو اجلاس بلائے جانے کی صورت میں سپیکر اگر علیم خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہیں تو علیم خان صوبے کی تاریخ میں دوسرے رکن اسمبلی ہونگے جو پرودکشن آرڈر کا استعمال کریں گے۔
پروڈکشن آرڈر