ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی گجرات کے ہسپتالوں میں ہڑتال، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ طلب

ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی گجرات کے ہسپتالوں میں ہڑتال، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی گجرات کے ہسپتالوں میں ہڑتال پر سپیشل سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو آج 14فروری کوریکارڈ سمیت طلب کر لیا ،عدالت نے عزیز بھٹی ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس کو بھی ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔جسٹس شاہد مبین نے مقامی شہری شہباز گجر کی درخواست پر سماعت کی جس میں گجرات کے ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کو چیلنج کیا ہے، درخواست گزار کے مطابق ایف بی آر نے عزیز بھٹی ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں پر چھاپہ مارا اور ریکارڈ قبضہ میں لے لیا،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے اس اقدام کے خلاف گجرات کے ہسپتالوں میں ہڑتال کر دی اور سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی کو تالے لگا دیئے۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے اس غیر قانونی اقدام سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لگے ہیں،وکیل نے استدعا کی کہ ضلع گجرات میں ہسپتالوں کی ہرتال فوری ختم کرانے کا حکم دیا جائے۔

مزید : صفحہ آخر