ایم کیو ایم کا رہنماؤ ں پر حملوں کیخلاف آج مظاہرے کا اعلان
کراچی (صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے رہنماؤں، کارکنان اور دفاتر پر حملے کے خلاف(آج ) جمعرات کو کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادر آباد مرکز میں ہوا۔اجلاس میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں، کارکنوں اور دفاتر پر ہونے والے حملے اور جانی نقصان پر سخت غم و غصے کااظہار کیا گیا۔جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیوایم 14 فروری بروز جمعرات کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں جاں بحق کارکن شکیل انصاری کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور زخمی کارکن اعظم کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔