شاہ محمودقریشی نے سعودی عرب سے ملنے والے تحائف توشہ خانے جمع کروا دئیے
اسلام آباد(آئی ا ین پی ) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سعودی عرب کے قیمتی تحائف پاس رکھنے سے معذرت کر تے ہو ئے سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کی جانب سے دیئے گئے قیمتی تحائف توشہ خانے میں جمع کر دیئے شاہ محمود قریشی کو محمد بن سلمان سے 63لاکھ مالیت کے تحائف ملے تھے۔تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سعودی عرب کے قیمتی تحائف پاس رکھنے سے معذرت کرلی ، وزیرخارجہ کو دورہ سعودی عرب میں63 لاکھ مالیت کے تحائف ملے تھے، انھوں نے تحائف توشہ خانے میں جمع کرادیئے ہیں۔دستاویز کے مطابق تحائف میں 48لاکھ 50ہزار روپے مالیت کی رولیکس گھڑی ، ساڑھے 9 لاکھ کا سونے کا قلم، ایک لاکھ 35ہزار کے سونے کے کف لنکس شامل تھی جبکہ شاہ محمودقریشی کو2لاکھ 5ہزار روپے مالیت کی سونے کی تسبیح بھی دی گئی تھی۔وزیرخارجہ کو2 لاکھ 10ہزارکی سونے کی انگوٹھی بھی تحفے میں ملی تھی۔شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ ماضی میں حکومتی عہدیداران بیرون ملک سے تحائف کو اپنا حق سمجھتے تھے۔خیال رہے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے 19ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جہاں یہ تحائف سعودی عرب کے ولی عہدمحمدبن سلمان نے ان کو دیئے تھے۔
تحائف