کراچی ،تجاوزات متاثرین کا متبادل دکانیں لینے سے انکار

کراچی ،تجاوزات متاثرین کا متبادل دکانیں لینے سے انکار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن کی زد میں آنے والے متاثرین میں شامل درجنوں تاجروں نے متبادل دکانیں لینے سے انکار کردیا ہے۔انسدادِ تجاوزات آپریشن کے متاثرہ کرائے داروں کے لئے متبادل دکانوں کی قرعہ اندازی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی، کھوڑی گارڈن کے دکانداروں نے احتجاج کیا جب کہ 176 دکانداروں نے الاٹ منٹ لیٹر لینے سے انکار کردیا جس پر میئر کراچی وسیم اختر تقریب چھوڑ کر اپنے دفتر چلے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ماضی میں کے ایم سی نے بھی غلطیاں کیں اور انسدادِ تجاوزات مہم سے ایم کیو ایم کا سیاسی نقصان ہوا تاہم سندھ حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کو متبادل مہیا کررہے ہیں۔وسیم اختر نے کہا کہ کے ایم سی کے ایک ایک رجسٹرڈ کرائے دارکو متبادل جگہ فراہم کریں گے آج بیلٹنگ کے ذریعے آدھے متاثرہ دکانداروں کو جگہ فراہم کررہے ہیں اور کے ایم سی کے رجسٹرڈ دکانداروں اور کرایہ داروں کو ان کے اپنے اضلاع میں متبادل جگہ دیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول