سعودی عرب کا دشمن اسلام و پاکستان کا حریف ،ساجد میر

سعودی عرب کا دشمن اسلام و پاکستان کا حریف ،ساجد میر

لاہور ( سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور کے زیر اہتمام سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ دفاع حرمین شریفین کنونشن کے اعلامیہ میں قرار دیا گیا ہے حرمین کے تقدس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اگر کسی نے بھی حرمین شریفین کی طرف میلی آنکھ اٹھائی تو وہ آنکھیں نکال دی جائیں گی۔ اس امر کا اظہار مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے دفاع حرمین شریفین کنونشن سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا ، انکامزید کہنا تھا سعودی عرب کا دشمن اسلام اور پاکستان کا دشمن ہے سعودی عرب کا دفاع پاکستا ن اور عالم اسلام کا دفاع ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ہر پاکستانی دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہے، انکے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی و اخوت مزید پروان چڑھے گی ۔ پاکستان اسوقت شدید اقتصادی مسائل سے دو چار ہے اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے احسانات کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔ جو لوگ سعودی عرب اور خاد مین حرمین شریفین کے درمیان فرق کرتے ہیں وہ اسلام اور حرمین شریفین کیساتھ مخلص نہیں ہیں۔ ہمارے اسلاف نے سعودی عرب کی اس زمانے میں مدد کی جب وہاں پر تیل اور ریال کا کوئی وجود نہ تھا، ہمارے علماء یہاں سے سعودی عرب کیلئے مختلف شکلوں میں امدادی سامان بھیجا کرتے تھے۔ سعودی عرب کیساتھ ہمارا رشتہ عقیدے اور ایمان کا ہے، دولت اور مادی وسائل کی بنیاد پر نہیں۔ ماضی میں پارلیمنٹ نے یمن کے مسئلہ پر کھل کر سعودی عرب کا ساتھ نہیں دیا تھا مگر سعودی عرب نے کبھی اس بنیاد پر پاکستان کی مدد سے ہاتھ نہیں کھینچا۔ یہ ان کی اعلیٰ ظرفی اور محبت کی بہترین مثال ہے۔ کنونشن میں پروفیسر ساجد میر نے شرکاء سے حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہرقسم کی جانی ومالی قربانی کا حلف بھی لیا۔کنونشن سے ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی ،مولانا عبدالرشید حجازی، رانا شفیق خاں پسروری، مولانا محمد نعیم بٹ، حافظ محمد یونس آزاد، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مولانا یوسف پسروری، رانا خلیق پسروری، حافظ معتصم الٰہی ظہیر، حافظ بابر فاروق رحیمی، مولانا آصف ربانی، مولانا عتیق اللہ عمر، مولانا ارشد یزدانی، مولانا عبدالستار حامد، مولانا نواز چیمہ، قاری عزیر احمد، مولانا مبشر مدنی، حافظ عثمان شاکر،حافظ عبدالرزاق، مولانا عبدالحمید عامر، رانا عبدالوحید، مولانا محمد علی یزدانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن اور اہل حدیث یوتھ فورس کے کارکنوں نے سنبھال رکھے تھے۔ کنونشن میں شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر استقبالی بینرز آویزاں تھے۔

مزید : صفحہ آخر