سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کیلئے خوش آئند ہے،ضیاء الرحمن مدنی

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کیلئے خوش آئند ہے،ضیاء الرحمن مدنی

ؐکراچی(اسٹاف رپورٹر)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملک کے لئے خوش آئند ثابت ہوگا ۔اس سے خطے میں بہت سی مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ پاکستان او ر سعودی عرب ایک مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ اہل پاکستان کے دلوں میں سعودی عرب سے دینی محبت کا جذبہ تاقیامت موجزن رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار مدیر جامعہ ابی بکر الاسلامیہ ضیاء الرحمن مدنی نے اساتذہ اور ملک بھر سے آئے ہوئے دینی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں سعودی عرب نے بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کیا ہے ۔ہم سعودی ولی عہد کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کے دورے سے ہر پاکستانی کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان استحکام کا نیا دور شروع ہوگا۔ ضیاء الرحمن مدنی نے کہا کہ اسلامی دنیا میں جہاں پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہیں سعودی عرب نے بھی عالم اسلام کی مدد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا ۔ جب کہ ہر مسلمان کا سعودی عرب سے ایک روحانی تعلق بھی قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی آمد سے جہاں دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھے وہیں تعلیم کے شعبے میں بھی پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ اس موقع پرڈاکٹر محمد حسین لکھنوی ٗ شیخ محمد طاہر آصف ٗ علامہ نور محمد ٗ ڈاکٹر مقبول احمد مکی اور شیخ شاہد نجیب سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب عالم اسلام کی آنکھوں کا تارا ہے ۔ہر مسلمان کے دل میں سعودی عرب کی محبت بسی ہے ۔ بعدازاں عالم اسلام کے حوالے سے سعودی عرب کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر