کراچی ،اے ایس آئی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

کراچی ،اے ایس آئی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر) شہرِ قائد کے علاقے پرانا گولیمار میں لیاری گینگ وار کے منشیات فروش کارندوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا، ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار میں سادہ کپڑوں میں ملبوس موٹر سائیکل سوار اہل کار پہنچے تو تنگ گلی میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کر دی۔فائرنگ سے پولیس اہل کار محمد فاروق شدید زخمی ہو گیا، جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم میمن گوٹھ سے گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ایس ایس پی ملیرکے مطابق ملزم کو میمن گوٹھ فٹ بال گراؤنڈ کے ڈریسنگ روم سے گرفتار کیا گیا، ملزم سے رائفل اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا، ملزم عبدالوہاب قتل کے مقدمے میں نامزد ہے، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق پولیس اہل کاروں پر فائرنگ کے مقام سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے آٹھ خول ملے تھے، موقع پر پولیس اہل کاروں نے اپنے سرکاری اسلحہ نائن ایم ایم سے فائر کیا تھا۔مسلح ملزمان کے پاس بھی نائن ایم ایم ہتھیار تھا، آئی جی سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر