لشمینیا سے متاثرہ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر علاج فراہم کیا جارہا ہے ، ہشام انعام اللہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواکے وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ لشمینیاسے متاثرہ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر علاج کی فراہمی جاری ہے جبکہ مرض کے کنٹرول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،لشمینیاسے متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے ان کے دفتر ہیلتھ سیکرٹریٹ میں لشمینیا سیل بھی قائم کردیا گیا جو چوبیس گھنٹے فعال رہے گاتاکہ شکایات کی صورت میں فوری ایکشن لیاجاسکے، خیبرپختونخوا سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع میں 21258کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں قبائلی اضلاع میں اب تک 19072کیسز رپورٹ ہوئے۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میڈیا سیل محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ مریضوں کے علاج کیلئے ادوایات فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو احکامات دیئے گئے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر وہ مقامی مارکیٹ سے بھی ادوایات خریدسکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے مرض کے علاج کیلئے9500 وائلزفراہم کیے ہیں ، مرض سے بچنے کیلئے متاثرہ علاقوں میں گھرگھر آگاہی مہم بھی جاری ہے جبکہ ان علاقوں میں سپرے کے علاوہ مچھردانے بھی تقسیم کیے جارہے ہیں تاکہ دیگرافراد کو اس مرض سے بچایاجاسکے ،ڈاکٹر ہشام نے کہا کہ صوبہ بھر اورقبائلی اضلاع میں لشمینیاسے متاثرہ مریضوں کو فراہمی کی جانے والی سہولیات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کیلئے ہیلتھ سیکرٹریٹ میں لشمینیا سیل قائم کیاجاچکا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال رہے گا ،لشمینیا سیل میں طبی امداد کی عدم فراہمی کی صورت میں شکایات بھی درج کی جاسکتی ہیں اور اس ضمن میں فوری ایکشن لیاجائے گا، انہوں نے کہا کہ لشمینیا کے اس ٹائپ کے مرض سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ اس کا نہ صرف علاج موجود ہے بلکہ جلد صحتیابی بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مریضوں کو معیاری اورفوری علاج کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور بہت جلد مرض پر قابو پالیں گے۔