پاکستانی 5 روپے کی قیمت 1000 روپے ہوگئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری کے باعث ہر شخص پریشان ہے ۔ ایک طرف موجودہ کرنسی دن بدن بے وقعت ہوتی جارہی ہے تو دوسری جانب پرانے کرنسی نوٹ انتہائی مہنگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں۔
آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ دراز ڈاٹ پی کے پر پاکستانی کرنسی کے 5 روپے کے پرانے نوٹ فروخت کیلئے پیش کیے گئے ہیں۔ 5 روپے کے آخری کرنسی نوٹ جو کہ نیلے رنگ کے تھے ، ویب سائٹ پر ان 5 روپے کے ایک نوٹ کی قیمت ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس نوٹ کی مکمل معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ مشرف دور میں 5 روپے کے کرنسی نوٹ بند کردیے گئے تھے لیکن زرداری دور میں دوبارہ نیلے رنگ کے 5 روپے کے کرنسی نوٹ جاری کیے گئے تھے۔ آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ پر مشرف دور میں بند ہونے والے کرنسی نوٹ بھی فروخت کیلئے پیش کیے گئے ہیں اور ان نوٹوں کی قیمت بھی ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے۔