باپ کا سارا پیسہ ہتھیانے کیلئے نوجوان نے کرائے کا قاتل حاصل کرلیا، لیکن پھر باپ نے ایسا کام کردیا کہ لالچی بیٹے کو زندگی بھر کیلئے شرمندہ کردیا

باپ کا سارا پیسہ ہتھیانے کیلئے نوجوان نے کرائے کا قاتل حاصل کرلیا، لیکن پھر ...
باپ کا سارا پیسہ ہتھیانے کیلئے نوجوان نے کرائے کا قاتل حاصل کرلیا، لیکن پھر باپ نے ایسا کام کردیا کہ لالچی بیٹے کو زندگی بھر کیلئے شرمندہ کردیا

  



ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) روس میں ایک 23 سالہ نوجوان نے سارا پیسہ ہتھیانے کیلئے ایک کرائے کے قاتل کو اپنے باپ، ماں اور 10 سالہ بہن کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا ۔ نوجوان اس بات سے بے خبر تھا کہ وہ جس کرائے کے قاتل سے مل رہا ہے وہ دراصل ایک پولیس اہلکار ہے جو اس کے باپ نے اپنے بیٹے کے کرتوت جاننے کیلئے اس کے پیچھے لگایا تھا۔ نوجوان کو جرم ثابت ہونے پر ساڑھے 6 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق ایک امیر زادے آرٹیوم ٹیپر نے اپنے باپ کی ساری جائیداد ہتھیانے کا منصوبہ بنایا۔ ریاستی تفتیش کاروں کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے یہ نوجوان ایک کرائے کے قاتل سے ملتا ہے اور اسے اپنے والدین اور چھوٹی بہن کو مارنے کیلئے لگ بھگ 70 لاکھ روپے کی آفر کرتا ہے۔ جب کرائے کے قاتل نے یہ پوچھا کہ جب اس کے والدین قتل ہوں گے تو وہ کیا کرے گا تو اس بے رحم بیٹے نے کہا کہ وہ ٹسوے بہائے گا۔

کرائے کے قاتل نے کچھ دن بعد نوجوان کو اس کی ماں، باپ اور بہن کی خون میں لت پت تصاویر دکھائیں۔ نوجوان نے طے شدہ رقم قاتل کو دے دی اور خود ٹسوے بہانے لگا۔ یہی وہ وقت تھا جب پولیس نے اپنے والدین کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے پر اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق نوجوان کے باپ کو اپنے نالائق سپوت کے کرتوتوں کا پہلے ہی اندازہ تھا کیونکہ اس نے ایک بار اپنے لخت جگر کو کھانے میں زہر ملاتے ہوئے دیکھ لیا تھا۔ اس کے بعد اس نے اپنے والدین کی گاڑی میں پارہ بھی بھرا لیکن یہ منصوبہ بھی فیل ہوگیا۔ باپ نے 2 دفعہ کی کوششوں کے بعد پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے اس کے ساتھ مل کر اس کا بھانڈا پھوڑنے کا فیصلہ کیا ۔ ایک پولیس اہلکار کرائے کے قاتل کا روپ دھار کر لڑکے سے ملا اور والدین کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔

ملزم کا باپ، فوٹو :دی سن

نوجوان کو عدالت نے ساڑھے 6 برس قید کی سزا سنادی ہے جبکہ والدین نے اپنے بیٹے کو معاف کردیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق جب ان کا بیٹا سزا پوری کرکے جیل سے باہر آجائے گا تو وہ اسے دوبارہ اپنے خاندان کا حصہ بنالیں گے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس