ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ملتان سٹیڈیم‘ شہر میں صفائی آپریشن

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ملتان سٹیڈیم‘ شہر میں صفائی آپریشن

  



ملتان (سپیشل رپورٹر)ملتان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر کی صفائی اور ستھرائی کے لیے گرینڈ آپریشنل پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر شہر کے تمام فلائی اوورز کی دھلائی جاری ہے، مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ(بقیہ نمبر37صفحہ12پر)

مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر نے گزشتہ روز مختلف فلائی اوورز کا دورہ کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں مکینیکل سوئیپرز کے ذریعے فلائی اوورز کی صفائی کی جارہی ہے،دوسرے مرحلے میں واٹر باوزر کے استعمال سے فلائی اوورز کو واش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ورک فورس کے آنے سے عوام کو شہر میں صفائی کے حوالے سے واضح تبدیلی نظر آئے گی، نئی ورک فورس کو مختلف گروپس میں تقسیم کرکے انہیں روزانہ نیا ٹاسک دیا جاتا ہے، شہر کی داخلی شاہراہوں کو خصوصی طور پر نکھارا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے کو خوبصورت بنانے کا ٹاسک کمپنی نے چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، پویلینز کے فرش کی ایک ایک انچ کو صاف اور کرسیوں کی دھلائی کی جارہی ہے، کرکٹ میچوں کے دوران شہر کو دلہن کی طرح سجادیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو تاریخی شہر میں قدامت اور جدت کا خوبصورت امتزاج نظر آئے گا۔ دوسری طرف ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے انفور سمنٹ ونگ کی طرف سے سڑکوں پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ایکشن جاری ہے۔ زکریا ٹاون میں سڑک پر گوبر پھیکنے پر ریٹائرڈ ڈی ایس پی کو 1 ہزار روپے جرمانہ اور سڑک پر کچرا پھینکنے پر معصوم کیفے کی انتظامیہ پر 3 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ شاہراہ کے بیچ میں تعمیراتی ملبہ پھینکنے پر منیجر صنعت زار کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں چاہ کوڑے والا میں گندگی پھیلانے کا باعث بننے والے بھانوں کی بھی شامت آگئی ہے،بھانہ مالکان پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائدکیا گیا ہے اور متعدد کو بھانے شہر سے باہر منتقلی کے نوٹس جاری بھی کر دیئے گئے ہیں۔

ویسٹ مینجمنٹ

مزید : ملتان صفحہ آخر