سماجی نظام کا معاشرے میں اہم کردار ہوتا ہے،پروفیسر نیاز

سماجی نظام کا معاشرے میں اہم کردار ہوتا ہے،پروفیسر نیاز

  



لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام ’خواتین کی اقتصادی طاقت میں اضافہ: شواہد پر مبنی حکمت عملی ‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خواتین کو حقوق دلانا عورت بمقابلہ مرد یا مشرق بمقابلہ مغرب کی جنگ نہیں بلکہ ہر انسان کو اس کا حق دلانا اور معاشرے میں اسے وہ حقوق فراہم کرنا ہے جس کا وہ حقدار ہے۔ پنجاب یونیورسٹی لاء کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے سمپوزیم میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر، وائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر، ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، چیئرمین شعبہ معاشیات پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، ڈاکٹر روبینہ ذاکر، سول سوسائٹی کے مختلف نمائندوں، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ معاشرے میں مختلف طبقات ہوتے ہیں اور سماجی نظام کا اہم کردار ہوتا ہے جسے سمجھے بغیر مسائل حل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وائس چانسلر وہ کسی بھی سطح پر یہ محسوس نہیں کرتے کہ خواتین کسی شعبے میں پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے ا ہم عہدوں پر خواتین کو تعینات کیا ہے جہاں مردوں کو تعینات کیا جا سکتا تھا جبکہ بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز کی فیکلٹی میں میرٹ پر ڈین سمیت تمام اداروں کی سربراہان خواتین ہیں اور انتظامی طور پر کسی بھی سطح پر خواتین نے مایوس نہیں کیا۔ ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو مزید مضبوط کر کے مردوں کے شانہ بشانہ چل کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ضرور ت ہے۔ وائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ معاشرے میں ایک عورت کی عورت کے طورپر عزت کرنے اور سماجی ترقی میں خواتین کے کردار کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے کہا کہ ایک ایسا معاشرہ جس میں مردوں کی برتری ہو وہاں خواتین پر قدغن لگ جاتے ہیں اگر ان قدغنوں کو ختم کریں گے اور خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے تو وہ خود بخود اوپر آ جائیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر ممتازانور چوہدری نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ہمیشہ سماجی، معاشی اور ملکی مسائل پر پالیسی سازی میں رہنمائی فراہم کرتی رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1