اقتدار کے کھیل کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا،صاحبزادہ حامد رضا

    اقتدار کے کھیل کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا،صاحبزادہ حامد رضا

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اقتدار کے کھیل کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا ہے۔ سیاسی میچ حکومت کے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔ مہنگائی کا خاتمہ حکومت کے لئے بڑا چیلنج بن گیا۔ حکومت نے معیشت کی بنیادوں میں بم نصب کر دیا ہے۔ اسمبلیوں میں گالی گلوچ کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دی جائے۔ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کے دن کا چین اور رات کا سکون چھین لیا ہے۔ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مصنوعی اور نمائشی نہیں حقیقی اور انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت کا ریلیف پیکج مہنگائی کی کمر نہیں توڑ سکے گا ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں پیر معاذالمصطفے قادری کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات تک ملک ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی عوام خوشحال ہو سکتی ہے۔ بحرانوں پر قابو پانے کے لئے گڈ گورننس کی ضرورت ہے۔ سخت سزاؤں کی قانون سازی سے بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ پھانسی کے مخالفین کو درندوں کے حقوق تو یاد آتے ہیں لیکن معصوم بچوں کے حقوق بھول جاتے ہیں۔ حکومت معیشت کی بیماری کی درست تشخیص کئے بغیر فرضی علاج پر گزارا کر رہی ہے۔ بے لگام مہنگائی سے پورا ملک پریشان ہے۔ حکومت مافیاز کی سرکوبی کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ حج مہنگا کرنے کا حکومتی فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں نے حج مہنگا کر کے حج جیسی اہم عبادت کو مشکل بنا دیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1