بلاول بھٹو کا وزیراعظم کو چھوٹا کہنا افسوسناک ہے،اعجاز عالم
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ناخوشگوار واقعہ رونما ہونا ایک افسوسناک اقدام تھا جبکہ بلاول بھٹوکا وزیراعظم پاکستان عمران خان کو چھوٹا کہنا اور پھر مودی کے بیان سے ملانا درحقیقت مودی کی ترجمانی کے سوا کچھ نہیں کیونکہ پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ صحیح معنوں میں کشمیر کی ترجمانی کون کر رہا ہے اور کون عوام کی خدمت کو اپنا ایجنڈا سمجھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے تحریک انصاف کے مختلف نمائندگان سے نیو منسٹر بلا ک کے دفتر میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ مسٹر ٹین پرسنٹ کس کا تخلص ہے اور کس پر کرپشن کے کیسز ہیں جبکہ عمران خان کی ذات پر انگلیاں اٹھانے والے تحریک انصاف کے ڈیڑھ سالہ حکومتی دور میں کو ئی ایک بھی کرپشن کا اسکینڈل سامنے لائیں تو بات کیجائے۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کے بیانات میں تضاد ات کھل کر سامنے آچکے ہیں اور وہ بھی وہی باتیں کر رہے ہیں کہ میں تو بیرون ملک تعلیم حاصل کر رہا تھا اور کسی کاروبار وغیرہ سے منسلک نہیں تھا مگر حقیقت اس کے برعکس نظر آرہی ہے تبھی تو بوکھلا کر عمران خان کی ذات پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں کیونکہ اپوزیشن جانتی ہے کہ عمران خان محض خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جائیدادو ں کی دوڑ میں شامل نہیں ہورہا اور دن بدن پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں صحیح معنوں میں لیڈر بن کر ابھر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ریاست مدینہ ایک ایسا خواب ہے جو صرف عمران خان کے دور اقتدار میں ہی دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ عوام تمام جھوٹے لیڈروں کو کئی بارآزما چکی ہے اور یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ پاکستان مشکل سفر سے گزر چکا ہے، اب وہ وقت بہت نزدیک ہے جب پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا اور عوام اسکے ثمرات واضح طور پر محسوس کر سکیں گے۔