پاک،ترک عوام ایک دوسرے سے محبت رکھتے ہیں،جاوید قصوری

    پاک،ترک عوام ایک دوسرے سے محبت رکھتے ہیں،جاوید قصوری

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ترک صدر طیب اردگان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ممالک ہیں، جن کے عوام کا دل ایک دوسرے کے لیے دھڑکتا ہے۔ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر جس طرح طیب اردگان نے پاکستان کا ساتھ دیا اس پر جماعت اسلامی اور پاکستان کے 22کروڑ عوام اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ،بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے مسلم ممالک کا انتخاب کررکھا ہے۔

ہمیں بحیثیت مسلمان اتحاد امت کی بات کرنا ہوگی اور اس کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے خلوص نیت سے کوشش کرنی چاہیے۔ پاکستان، ترکی، ملائیشیا، ایران اور سعودیہ عرب کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر کفار چاروں اطراف سے ہم پر حملہ آور ہیں۔ وہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں وقتاً فوقتاً توہین رسالت، توہین مذاہب اور توہین انسانیت کرکے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کرتے ہیں، جس پر عالم اسلام میں تو شدید رد عمل پایا جاتا ہے مگر مسلم لیڈر ز اپنا بھر پور کردار ادا نہیں کرپاتے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کفار کی سازشوں کوناکام بنانے کے لیے مسلمان اکٹھے ہوجائیں۔ اسلام امن و آشتی کا دین ہے جو عالمی سطح پر بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دنیا میں اسلامی دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کو بد نام کیا جارہا ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاک ترک تعلقات پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت تجارت اور ثقافت کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ویزہ پالیسی کو نرم کریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4