خیبر پی کے،28سراغ رساں قیمتی کتے پراسرار بیماری سے ہلاک
پشاور(آن لائن) دہشتگردوں اوربارودی مواد کا سراغ لگانے کے لئے بیرونی ممالک سے لائے گئے ڈیڑھ کروڑ روپے کے 28سراغ رساں کتے پراسرار بیماری کے باعث ہلاک ہوگئے ہیں جس کے باعث خیبرپختونخوا پولیس کو بارودی مواد کا سراغ لگانے میں شدید ترین مشکلات کاسامناکرنا پڑ رہاہے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے بارودی مواد اوردہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے 51سراغ رساں کتے خریدے تھے جن میں سے 28پراسرار بیماری کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں اورخیبر پختونخوا پولیس کے پاس اس وقت صرف 23اہم سراغ رساں کتے باقی رہ گئے ہیں۔ 1سراغ رساں کتے کی قیمت پانچ لاکھ روپے ہے اور ان کی خوراک پر تین کروڑ 66لاکھ روپے خرچ ہو ئے ہیں۔28 اہم سراغ رساں کتوں کے مرنے کے بعد خیبر پختونخوا پولیس کو محرم الحرام سمیت اہم دنوں اور اہم شخصیات کی سیکورٹی کے لئے شدیدترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے 51سراغ رساں کتوں کی نگہداشت کے لئے 41 افسر اور اہلکار تعینات کررکھے ہیں جن میں ایک ڈائریکٹر اور ایک ڈی ایس پی انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے سراغ رساں کتوں کے اموات کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سراغ رساں کتے