کبڈی ورلڈکپ: پاکستان نے آسٹریلیاکو پچھاڑ دیا: بھارت، جرمنی بھی فاتح

    کبڈی ورلڈکپ: پاکستان نے آسٹریلیاکو پچھاڑ دیا: بھارت، جرمنی بھی فاتح

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے باہمی تعاون سے کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے پانچویں روز بھی مقابلے جاری رہے۔ گزشتہ روز اقبال سٹیڈیم فیصل آبادمیں ہونے والے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر پول بی میں ٹاپ کرکے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے، پاکستان نے آسٹریلیا کو62-25 سے ہرایا، پاکستان نے ٹاس جیت کر ریڈ سے میچ کا آغاز کیا، پاکستانی ریڈرز لالہ عبید اللہ کمبوہ، عرفان مانا، بلال محسن، شہرام بھٹو، کلیم اللہ جٹ نے خوبصورت حملے کرکے پوائنٹس لئے جبکہ جاپھی شانی بسرا، مشرف جنجوعہ، ظفر چینی نے جاندار جپھے ڈال کر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بے بس کردیا، پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں ہی واضح برتری حاصل کرلی، پہلے ہاف میں پوائنٹس33-10رہے، دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے، کھلاڑیوں نے شاندار ریڈز کرکے اور جپھے مار کر پاکستان کو 62-25سے فتح دلائی، میچ کے بہترین ریڈرز پاکستانی کھلاڑی کپتان عرفان مانا جٹ اور بلال محسن اور بہترین جاپھی شانی بسرا قرار پائے۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق، کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سٹیڈیم شائقین سے بھراہوا تھا انہوں نے شاندار کھیل پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی، سٹیڈیم میں کبڈی کے بزرگ شائق روایتی پنجاب کی پگ پہن کر میچ دیکھنے آئے تھے۔ پول بی میں پاکستان اور آسٹریلیا جبکہ پول اے بھارت اور ایران سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔دوسرے میچ میں بھارت نے سخت مقابلے کے بعد ایران کو 50-39 سے ہرادیا، تیسرے میچ میں جرمنی نے سیرالیون کو 43-14 سے بآسانی ہرادیا۔ 14 فروری کو ظہور الہٰی سٹیڈیم گجرات میں دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوپہر ڈھائی بجے جبکہ دوسرا میچ بھارت اور برطانیہ کے مابین سہ پہر 3بج کر 45منٹ پر ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی