پاکستان سپر لیگ 5، افتتاحی تقریب اور میچ 20فروری کو ہوگا

پاکستان سپر لیگ 5، افتتاحی تقریب اور میچ 20فروری کو ہوگا

  



لاہور(اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔ ایڈیشن 2020، گذشتہ 4 ایڈیشنز سے اس لیے منفرد ہے کہ رواں سال لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔2016سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ پانچ ٹیموں پر مشتمل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2017 کا فائنل پاکستان میں منعقد کیا گیا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی آہستہ آہستہ پاکستان واپسی کا سفر جاری رہا۔ اس حوالے سے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2018 کے 3 میچز (جن میں 2 پلے آف اور فائنل) پاکستان میں کھیلے گئے۔ ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔ یہ وہی تاریخ ہے جب ٹھیک 25 سال قبل پاکستان نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 1992 کا فائنل جیتا تھا۔اس ایڈیشن میں پہلی مرتبہ چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کو بھی لیگ کا حصہ بنایا گیا۔سیزن 2019 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 8 میچوں کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے کی۔ تاریخی ایونٹ کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کامیابی حاصل کی۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھرپورمیچز دیکھنے کو ملیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی