وزیراعلٰی عثمان بزدارکا ملاوٹ مافیا کیخلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا حکم

  وزیراعلٰی عثمان بزدارکا ملاوٹ مافیا کیخلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا حکم

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غذا میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملاوٹ کے سدباب اور فوڈ سیفٹی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والے عناصر عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم میں کوئی دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو خالص غذا کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ علاوی ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور مخالفین کی خواہشات کے برعکس اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور ہمارا اتحاد ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی امیدیں خاک میں مل گئیں اور مخالفین کے عزائم بری طرح ناکام ہوئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں،سیاسی یتیم یاد رکھیں حکومت اپنی مدت پورے کرے گی اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا مقدم ہے۔ عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا تناسب ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں بہتر ہے اور تنقید برائے تنقید کرنے و الوں کو حقیقی اعداد و شمار دیکھ کر بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے انتظامی تیاریاں مکمل ہیں اور فنڈز بھی مختص کئے جا چکے ہیں، سیکرٹریٹ جلد قائم ہو جائے گا۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول