مسلم لیگ (ق) کا بلدیاتی الیکشن انفرادی حیثیت میں لڑنے کا اعلان

  مسلم لیگ (ق) کا بلدیاتی الیکشن انفرادی حیثیت میں لڑنے کا اعلان

  



سرگودھا(این این آئی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ہماری جماعت اکٹھی چل رہی ہے تو ہمارا مستقل بھی اکھٹا ہو گا لیکن ہم اپنا اپنا الیکشن لڑیں گئے لیکن رہیں گے ایک ساتھ،ہر پارٹی کی اپنی سیاست ہے جو کہ اسے کرتی رہنی چاہئے،مسلم لیگ(ق) پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے،انہیں سمجھاتے بھی ہیں اور راستہ بھی دکھاتے ہیں جسے کوئی تنقید نہ سمجھے،قومی معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، جہاں پاکستان اور غریب عوام کی بہتری کا سوال ہو وہاں مثبت حل کی طرف مل کر جانا چاہیے،سارے دل کھول کر چلیں گے تو بہتری آئیگی،بلدیاتی انتخابات آ رہے ہیں جس میں بھرپور حصہ لیں گے اور پورے پنجاب میں امیدوار لائیں گے۔سرگودھا میں عامر سلطان کی رہائش گاہ پر ورکروں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر بلدیاتی ادارے ہوتے تو مہنگائی کا جو طوفان ابھی اٹھا ہے ایسا نہ ہوتا اور حکومت کو پیچیدگیاں اور مشکلات نہ آتیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نیک نیت ہیں اور قوم کا درد دل میں رکھتے ہیں۔قومی معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جماعتوں کی شناخت پاکستان کی وجہ سے ہے، جہاں کام بہتری کا ہو وہاں مثبت تجاویز تمام جماعتوں کو دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں انا نہیں ہونی چاہیے تا کہ مثبت چیزیں اوپر آ سکیں۔اس سے ملک کی ترقی ہو گی۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نیب کے معاملات میں بہتری کیلئے سوچ بچار ہورہی ہے اوراس حوالے سے اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے نمائندوں پر بھی ذمہ داری ہے کہ اسمبلی بدنام نہ ہو۔پہلے دن سے ہماری جماعت عثمان بزدار کو سپورٹ کر رہی ہے اور آج بھی ہم ان کے ساتھ ہیں۔یہ کام تحریک انصاف کا ہے کہ انہیں تبدیل کرے یا نہ کرے لیکن ہم ان کو سپورٹ کر رہے ہیں کہ یہ ڈلیور کریں۔ان کے ہمراہ مونس الٰہی اور علی کاظم بھی تھے۔

پرویز الٰہی

مزید : صفحہ اول