اپوزیشن کی پارلیمانی کارکردگی مایوس کن ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی پارلیمانی کارکردگی مایوس کن ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے تیس چالیس سال حکومت کی، پانچ سال کسی اور کو برداشت کر لیں،جو رویہ پارلیمنٹ میں اختیار کیاگیا وہ مناسب نہیں،گالیاں نکالنے سے ماحول خراب ہوگا، اپوزیشن لیڈرز پر اربوں روپے کر پشن کے الزامات ہیں،نیب کا کوئی انتظامی کنٹرول ہمارے پاس نہیں۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کل جو پارلیمنٹ میں ہوا،پیپلز پارٹی سے اس طرح کی زبان کی توقع نہیں تھی،ذاتی حملے کئے گئے اس پر افسوس ہے، نیب میں چڑاسی کی تعیناتی بھی ہمارے دور میں نہیں ہوئی،ہم نے الیکشن کمیشن کا انتخا ب احسن طریقے سے کیا، فواد چوہدری نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی آپس میں جھگڑ رہے ہیں، اپنے رویوں پرنظرثانی کرنے کی ضرورت ہے، مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کل جامع تقریر کی،شاہد خاقان عباسی کی وجہ سے مہنگی ایل این جی خرید رہے ہیں،انہوں نے پندرہ سال کا معاہدہ کیوں کیا،بجلی اس لئے مہنگی ہے کہ شہباز شریف نے آئی پی پیز کے مہنگے داموں پر معاہدے کئے، معیشت پر اپوزیشن کی طرف سے ایک بھی سنجیدہ بات نہیں آئی، سوشل میڈیا جس طرح جا رہا ہے، اہم ہے ہم اسکو ریگولیٹ کریں،ایسے گروپس ہیں جو پیسے لے کر کسی کیخلاف ٹرینڈ چلاتے ہیں۔ کسی بھی چینل یا اخبارات کے اشتہارات بند نہیں ہونے چاہییں۔
، فواد چوہدری