بی جے پی نے اروند کجریوال کو دہشتگرد اورترجمان پاک فوج قراردیدیا
نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں کلین سویپ کرنے والے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دہلی کے وزیر اعلی ارویند کیجریوال کو بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے دہشتگردوں کا ہمدرد اور پاک فوج کا ترجمان قرار دیدیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے حال ہی میں منتخب ہونیوالے رکن اسمبلی او پی شرما نے ارویند کیجریوال کو دہشتگرد قرار دیدیا۔دہلی کے وشواس نگر سے الیکشن جیتنے والے او پی شرما نے کہا کہ ارویند کیجریوال ایک کرپٹ آدمی ہے جو دہشت گردوں کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہے۔خبر ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے او پی شرما نے کہا کہ ارویند کیجریوال پاک فوج کا ترجمان ہے جو بھارتی فوج کے کردار پر سوال اٹھاتا اور ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو سپورٹ کرتا ہے، اس کیلئے دہشت گرد کا لفظ بالکل ٹھیک ہوگا۔خیال رہے منگل کے روز دہلی کے ریاستی انتخا بات کا نتیجہ آیا ہے جس کے مطابق عام آدمی پارٹی نے کلین سویپ کرتے ہوئے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی کے حصے میں صرف 8 سیٹیں ہی آسکی ہیں۔
بی جے پی