لائیوسٹاک معیشت میں نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے، صوبائی وزیر پنجاب

لائیوسٹاک معیشت میں نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے، صوبائی وزیر پنجاب

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک ملکی معیشت میں نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اچھے گوشت اور دودھ کی پیداور میں اضافہ کر کے نہ صرف بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے بلکہ کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جاری ایک بیان میں کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ نے کٹا بچاؤ اورکٹافربہ جیسی سکیمیں شروع کی ہیں تاکہ صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ان سکیموں کے تحت رجسٹرڈ مویشی پال افراد میں وظیفوں کی تقسیم کا آغاز مارچ میں کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسری کے ذریعے مویشی پال حضرات کو سہولت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک سہولت قائم کیا گیا ہے۔ان سہولت سینٹرز کا مقصد مویشی پال حضرات تک درست معلومات پہنچانا اور ان کی رہنمائی کرنا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجا ب کے 9 اضلاع میں منہ کھر کی بیماری کے تدارک کیلئے کارپٹ ویکسینیشن کر رہے ہیں۔سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ صحیح ڈیٹا نہ صرف محکمہ کو رہنمائی فراہم کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوتا ہے بلکہ اس سے بہترمنصوبہ بندی کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔محکمہ لائیو سٹاک میں ڈیٹا مرتب کرنے کے حوالے سے جلد کام شروع کر دیا جائے گا جس سے محکمہ میں مزید بہتری آئے گی۔ چولستان یونیورسٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار حسنین بہاد دریشک نے کہا کہ چولستان یونیورسٹی کی سینئر مینجمنٹ،سنڈیکیٹ اور وائس چانسلر کی تقرری میں میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چولستان یونیورسٹی کے معاملات کو میں خود مانیٹر کررہا ہوں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور رہنمائی کے لئے محکمہ لائیوسٹاک کی ہیلپ لائن 080078686موجود ہے۔مویشی پال حضرات اور کاشتکار اس ہیلپ لائن پر معلومات اور رہنمائی حاص کر سکتے ہیں۔

مزید : کامرس